اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی سیکرٹری برائے انسانی حقوق اللہ دینوخواجہ نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔وفاقی وزیر نے اعظم نذیر تارڑ نے بابا گرو نانک کی محبت، رحم دلی اور مساوات کے پیغام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمات پاکستان کے بین المذاہب ہم آہنگی اور شمولیت کے وژن کے عین مطابق ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے عقائد کی آزادی اور عزت و احترام کے ساتھ عمل درآمد کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا۔وفاقی سیکرٹری نے انسانی حقوق کی وزارت کی جانب سے اقلیتوں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کا ذکر کیا، جن میں قومی اقلیتی حقوق کمیشن کا قیام اور جامع قانونی اصلاحات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکھ زائرین کو آن لائن ویزا کی سہولت، مذہبی مقامات پر سہولیات کی بہتری، اور قومی تقریبات میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لیے خصوصی کوٹے کا تعین کیا گیا ہے۔انہوں نے پاکستان کے مذہبی آزادی کو فروغ دینے، مساوی مواقع کو یقینی بنانے، اور قوم کی مضبوطی کے لیے تنوع کے جشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات تمام برادریوں کے درمیان اتحاد اور احترام کو فروغ دیتی رہیں گی۔