غزہ(این این آئی ) اسرائیلی فوج نے گزشتہ ماہ غزہ میں 20 امدادی کارکنوں کو قتل کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے گروپوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 10 اکتوبر سے 13 نومبر کے درمیان غزہ میں کم از کم 20 امدادی کارکنوں کو جان سے مارا ہے، جن میں آکسفیم کے عملے کے 4 ارکان بھی شامل ہیں جو ایک واضح نشان والی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔گروپوں کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عملے کو ان کے گھروں میں، بے گھر لوگوں کے کیمپوں میں اور جان بچانے والی امداد پہنچانے کے دوران ہلاک کیا گیا، بہت سے امدادی کارکنوں نے اپنے قریبی افراد اور رشتہ داروں کوبھی کھویا۔ہلاک شدگان میں آکسفیم کے ایک پارٹنر کے ساتھ چار انجینئرز اور کارکنان شامل ہیں، جو 19 اکتوبر کو خان یونس کے مشرق میں، خزاعہ میں پانی کے بنیادی انفراسٹرکچر کی مرمت کے لیے جاتے ہوئے مارے گئے تھے۔