لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی ہدایت پر سیکرٹری صحت پنجاب نے نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلسز یونٹ میں سٹاف کی جانب سے غفلت کے باعث مریضوں کے ایچ آئی وی کا شکار ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ڈی جی پی ہوٹا پروفیسر شہزاد انور کی سربراہی میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ایڈز کنٹرول پروگرام، سمز لاہور کے ہیڈ آف نیفرولوجی پروفیسر ڈاکٹر زاہد رفیق اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کہاکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کرکے تمام شواہد اکٹھے کرے گی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ایڈز کا شکار ہونے والے زیادہ سے زیادہ مریضوں سے حقائق جانے گی۔ سیکرٹری صحت پنجاب نے کہاکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نشتر ہسپتال ملتان میں ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کی سہولیات کا بھی جائزہ لے گی۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ اگلے 48 گھنٹوں میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔