برسبین (این این آئی)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا (آج) جمعرات سے آغازہوگا ،کپتان محمد رضوان آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی جیت کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں، ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم جمعرات کو برسبین میں تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی،بقیہ دو میچز سولہ اور اٹھارہ نومبر کو سڈنی اور ہوبارٹ میں کھیلے جائیں گے،محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان ہونگے۔یاد رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان ٹیم اسی دورے میں ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت چکی ہے،چھ کھلاڑی جہانداد خان، محمد عباس آفریدی ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان نے کراچی میں پانچ روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 11 نومبر کو برسبین میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کا دوطرفہ مقابلوں میں آخری میچ مارچ 2022 میں ہوا تھا جب دونوں ٹیموں نے لاہور میں واحد ٹی ٹوئنٹی کھیلا تھا جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ نومبر 2019 میں آسٹریلیا میں پاکستان کی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ابتدائی میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہونے کے بعد میزبان ٹیم نے سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔جوش انگلس ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے جبکہ ٹم ڈیوڈ اور نیتھن ایلز نے اسکواڈ کو جوائن کیا ہے جبکہ جوش فلپی، زخمی کوپر کونولی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔محمد رضوان نے بتایا کہ ہم آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پراعتماد ہیں لیکن بین الاقوامی کرکٹ ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہے اس لیے ہمارا مقصد ہے کہ ہم ان کی کنڈیشنز میں زیادہ بہتر طریقے سے پرفارم کر سکیں۔ ہم نے ٹیم میں مختلف کھلاڑیوں کے رول کا تعین کیا ہے اور نہ صرف اس سیریز میں بلکہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ وائٹ بال میچز میں بھی اپنے بہترین منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے منتظر ہیں۔ میرا ارادہ گروپ میں شامل ہر ایک کو کھیل کے بارے میں مثبت رکھنا ہے۔ بلاشبہ اس دورے پر اب تک کنڈیشنز نے بولرز کی مدد کی ہے لیکن ہم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک بیٹنگ یونٹ کے طور پر اپنی صلاحیت کو بھی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر) سلمان علی آغا (نائب کپتان) عرفات منہاس ، بابر اعظم، حارث رؤف حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں ۔شیڈول کے مطابق14 نومبر کو پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل برسبین کرکٹ گراؤنڈ ، برسبین ( مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ) کھیلا جائیگا ،16 نومبرکو دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، سڈنی (مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے) کھیلا جائیگا ،18 نومبر کوتیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیلیریوو اوول، ہوبارٹ (مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے) کھیلا جائیگا ۔