اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ فن لینڈ کی کمپنیوں کا پاکستانی طلبہ کو تکنیکی تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ہے، نیشنل کمپلائنس کونسل کا قیام پاکستانی مصنوعات کو عالمی معیار پر پورا اترنے کیلئے مدد فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر ہینو ریپاتی سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ فن لینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارت میں اضافہ اور نئے شعبوں میں تعاون کیا جائے گا، غیر فعال شعبوں کو فعال کرنے اور تجارتی فوائد کو بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم، آئی ٹی، ٹیکسٹائل، صحت اور تعمیرات میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سستی اور تربیت یافتہ افرادی قوت کو فن لینڈ کی صنعتوں میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔ فن لینڈ کے سفیر نے وزیر تجارت کو فروری 2025میں فن لینڈ پاکستان بزنس فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔