لاہور ( این این آئی)پنجاب پولیس کے سب انسپکٹرز کے لیے خوشخبری، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس افسران و اہلکاروں کی پروموشن اور سروس سٹرکچر کو بہتر بنانے کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے بتایا کہ پنجاب پولیس میں پہلی مرتبہ سروس کوٹہ کے تحت سب انسپکٹر سے انسپکٹرز بھرتی کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے سروس کوٹے کے متعلقہ قوانین میں ترمیم کر دی ہے۔ پنجاب پولیس کے 86 سب انسپکٹر پبلک سروس کمیشن سے سروس کوٹہ کے تحت انسپکٹر بھرتی ہونگے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کاوش سے قوانین میں سقم دور کر دیا گیا ہے اور صوبائی کابینہ نے منظوری دے دی۔ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون ڈاکٹر سلیمان سلطان رانا نے کہا کہ 86 سب انسپکٹرز کے انسپکٹر بننے سے ایس آئی اور اے ایس آئیز کی مزید آسامیاں خالی ہونگی جس پر میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق مزید اہلکاروں کو محکمانہ ترقی ملے گی۔ سروس کوٹہ کے تحت انسپکٹر عہدے کا امتحان دینے والے سب انسپکٹرز نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔