کراچی (این این آئی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی آزادی میں ہمارے آبائو اجداد کا خون شامل ہے اس کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم اقبال کی مناسب سے گورنرہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے شاعر مشرق ، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری ان کے فکر و فلسفہ پر تقاریریں بھی کیں۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ گورنرہائوس میں آج مجھے سب سے زیادہ خوشی اپنے ننھے ، منھے ، معصوم بچوں کو دیکھ کر ہورہی ہے کیونکہ آج یہ میرے مہمان بہت ہی پیارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے پاکستان کا خواب دیکھا جس کی تعبیر کے لئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میںلازوال جدوجہد کی گئی۔ قائدین نے شب و روز محنت کی ، اپنی جانوں کا نظرانہ دے کر اس وطن عزیز کو حاصل کیا۔ جہاں ہم سب آزادی اور خود مختاری سے رہ رہے ہیں اگر آزادی کی قدر و منزلت دیکھنی ہے تو فلسطین کے لوگوں کا حال دیکھ لیں ، کس طرح معصوم بچوں کو مارا جارہا ہے کیونکہ ان کے پاس افواج پاکستان کی طرح فوج نہیں ہے جو ان کی سرحدوں کی حفاظت کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے باعث ہی آج کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائواجداد نے بھارت سے آزادی حاصل کی تھی لیکن آج بھی بھارت مختلف طریقوں سے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے جس میں اسے ہر بار بری طرح سے ناکامی ملتی ہے کیونکہ ہمارے پاس مسلح افواج ہے جو دشمن کے ہر عزائم کو خا ک میں ملانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔