اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے جس سے پاکستان بھر کے نوجوان تاجروں کو تقریباً 186بلین روپے فراہم کئے گئے ہیں ۔ایک انٹرویومیںانہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی یوتھ لون سکیم نے نوجوان کاروباری افراد کو بااختیار بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 790,000نوجوان کاروباری افراد میں تقریبا 186 ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں،پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم نے خواتین کاروباریوں کو بااختیار بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، گزشتہ سالوں میں مستفید ہونے والی خواتین کی تعداد 13 فیصد تھی تاہم رواں سال 33 فیصد خواتین کی شرکت کا ہدف مقرر کیا گیا ہیجس کا مقصدنوجوان خواتین کو قرض کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بہت سے طلبا کو قرض کے لیے درخواست دینے کے بارے میں علم نہیں ہے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سہولتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں جہاں مالیاتی ماہرین قرض کی درخواست کے ذریعے طلبا کی رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز اس عمل کو ہموار کرنے کے لیے ویب پورٹلز کا بھی استعمال کریں گے جس سے طلبا کے لیے درخواست دینا آسان ہو جائے گا۔رانامشہوداحمد خان نے پاکستان میں نوجوانوں پر مبنی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک جامع وژن نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کو یکساں طور پر بااختیار بناتا ہیجس میں نوجوان کاروباریوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے یوتھ لون سکیم، ڈیجیٹل رسائی اور تعلیم کو بڑھانے کے لیے لیپ ٹاپ کی تقسیم، نوجوانوں کو مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ہنر مندی کے پروگرام، وسائل اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے سہولتی مراکز ، تعلیم اور ترقی میں مدد کے لیے نوجوانوں کی ترقی اور اسکالرشپ پروگرام شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں،ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو جدید دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری ہنر، تعلیم اور معاشی مواقع سے آراستہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم NEFCDC اور TEVTAS کے ساتھ تعاون کے ذریعیڈیمانڈ بیسڈ سکلڈ پروگرام متعارف کروا رہے ہیں جو دنیا بھر کے ممالک کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو ایسے ہنر کی تربیت دی جائے گی جن کی درحقیقت بین الاقوامی اور مقامی سطح پر ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے آن لائن شفاف نظام کے ذریعے میرٹ پر ہونہار طلبا کو لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پنجاب میں 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے اور وفاقی دارالحکومت میں 600,000 تقسیم کئے گئے، امسال مزید 10 لاکھ اسمارٹ فونز بلا سود تقسیم کیے جانے کے ساتھ تقسیم کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے طلبا کیلئے سکالرشپ پروگرام اور انڈومنٹ فنڈز کے حوالے سے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ تعاون کا دوبارہ اعلان کیا ہے ،اس اقدام کا مقصد پاکستان میں اعلی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینا اور طلبا کو مالی رکاوٹوں کے بغیر اپنے تعلیمی اہداف کو حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دنیا کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور ملکی معیشت دوبارہ پٹری پر آ رہی ہے،یہ ایک قابل ذکر کامیابی ہے ، اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی صلاحیتوں کو حقیقی معنوں میں اجاگر کرنے کیلئے نوجوانوں کو خود پر اعتماد، والدین کا احترام کرنا اور اپنے اساتذہ کی رہنمائی کی قدر کرنا سیکھناچاہیے۔