راولپنڈی(این این آئی)شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ خوارج کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2کارروائیوں میں 4خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 2خارجی زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپن وام میں پہلی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی بھی سپن وام میں پاک افغان بین الاقوامی سرحد کے قریب کی،دہشت گرد افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی طرف سے در اندازی کی کوشش کو موثر انداز میں ناکام بنایا۔آپریشن کے دوران افغانستان سے سپن وام میں در اندازی کرنے والے 2خارجی دہشت گرد ہلاک اور 2زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خارجی دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں صدرمملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف 2مختلف آپریشنز پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی پر پاک فوج کی جرات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کی قربانیوں اور عزم کو سلام پیش کیا اور دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ خوارج کو جہنم واصل کرنے پر صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بھی تعریف کی ۔دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں فتنہ الخوارج کے4دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے اور 2کو زخمی کر کے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پوری قوم کو اپنے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔