نئی دہلی (این این آئی)نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے تھنک ٹینک سے باز پرس کی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے آسٹریلیا روانگی سے قبل کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر کو طلب کیا، 6 گھنٹے کی میٹنگ میں بھارتی ٹیم کے تھنک ٹینک پر سوالات کی بوچھاڑ کی گئی۔میٹنگ میں بھارتی بورڈ سے راجر بنی، جے شاہ اور دیگر اہم عہدیدار جبکہ بھارتی ٹیم کے تھنک ٹینک کے کپتان روہت شرما، کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکار شامل تھے۔بھارتی میڈیا کے مطابق میٹنگ میں گوتم گمبھیر کی کوچنگ کے حوالے سے بھی بات ہوئی، ان کو راہول ڈریوڈ سے مختلف کوچ قرار دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس میٹنگ سے پتہ چلا کہ کپتان، کوچ اور سلیکٹر ایک پیج پر نہیں ہیں، بھارتی ٹیم کے تھنک ٹینک میں اختلافات پائے جاتے ہیں، تیسرے ٹیسٹ میچ میں جسپریت بمرا کو آرام دینے پر سوالات اٹھے۔بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ ٹیم کے حوالے سے فیصلوں پر اتفاق نہیں پایا جاتا۔اس حوالے سے بورڈ آفیشل کا کہنا ہے کہ ٹیم نے آسٹریلیا جانا ہے، اہم دورے سے قبل میراتھن میٹنگ ضروری تھی، ٹیم کو واپس ٹریک پر لانے کے لیے مل بیٹھنا ضروری تھا۔