لاہور ( این این آئی)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر لاہور پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔لاہورپولیس کے گارڈز نے شہید کانسٹیبل محمدخالد کی 17 ویں برسی پرشہید کی قبر پر حاضری دی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہیدکی لحد کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے کانسٹیبل محمد خالد کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب میں شہید کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ کانسٹیبل محمدخالد9نومبر2012ء کوتھانہ نواب ٹائون تعیناتی کے دوران قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران شہادت کے منصب پر فائز ہوئے۔سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل محمد خالد کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنیوالے اہلکار محکمہ پولیس کی شان ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہداء کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہیں گی، محکمہ پولیس شہدا ء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی جرات اور بہادری کی داستانیں پوری فورس کیلئے مشعل راہ ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محکمہ پولیس شہداء کے اہل ِ خانہ کی ویلفیئر کیلئے دستیاب وسائل سے بھرپور اقدامات یقینی بنا رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداء کے لواحقین کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔