لاہور (این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہائوس لاہور میں گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ملاقات میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنمائوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 26 ویں ترمیم کی منظوری میں کلیدی کردار ادا کرنے پرخراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک پیج پر ہونا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان رابطے بہتر بنانے میں مثبت کردار ادا کروں گا۔ گورنر پنجاب نے بین الصوبائی ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبوں کے درمیان یونیورسٹیوں کی سطح پر وفود کے تبادلوں سے ہمارے نوجوان مزید بہتر سوچ کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھ سکتے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا ہ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نے کہا کہ صوبے کی بہتری اور امن و امان ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، مشترکہ چیلنجز اور تعاون کے کے حوالے سے رابطے بڑھائیں گے۔