لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسموگ کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات کے باوجود سرگرمیاں جاری رکھنے پر ایجوکیشن اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 13 اسکولز بند کرا دیئے ۔ نجی تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کے خلاف ایجوکیشن اتھاٹی نے 13بند کرائے گئے اسکولوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیئے ۔ رپورٹ کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی پر شاہدرہ، والٹن، ای ایم ای سوسائٹی، مناواں، داروغہ والا، فیروز پور روڈ پر موجود اسکولوں کو بند کرایا گیا اور انہیں شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 نومبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی نذیر حسین نے کہا کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد ضرور کروائیں گے، خلاف ورزی کرنے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی، چھٹیاں نہ دینے والے اسکولوں کے خلاف شکایات کے لیے سیل قائم کردیا گیا۔