لاہور ( این این آئی) آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کی 2ٹیسٹ کی سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ چند ہفتوں میں کپتان بابر اعظم کی قیادت میں سری لنکا کا دورہ کرے گی۔سری لنکا کے دورے کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ٹیسٹ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
23سالہ بائیں ہاتھ کے تیز بولر اس وقت انگلینڈ میں موجود ناٹنگھم شائر کے لئے ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں ایکشن میں ہیں۔خیال رہے کہ شاہین آفریدی جنہوں نے 25ٹیسٹ میچوں میں 24.86کی اوسط سے 99وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، گزشتہ برس دورہ سری لنکا کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے گزشتہ برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
انجری سے صحت یاب ہو نے کے بعد بائیں ہاتھ کے تیز بولر کی وائٹ بال کرکٹ میں ضرور واپسی ہوئی۔ البتہ انہوں نے ہوم گراونڈ پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لیا تھا۔ اب اطلاعات ہیں کہ ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے سری لنکا کے طویل دورانیے کے کرکٹ مقابلے میں اہم فاسٹ بولر کے نام کو قابل غور نہیں لایا جائیگا۔