راولپنڈی (این این آئی)ہیپاٹائٹس کے مرض میں تیزی سے اضافہ کے بعد راولپنڈی کی چار یو سیز کو ہائی رسک قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت نے امریکی ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے ڈور ٹو ڈور ویکسینیشن پروگرام کا آغاز کردیا ہے جبکہ نگران وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاہے کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے ۔
راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ لوکل ہیپپاٹائٹس الیمینیشن اینڈ پریوینشن پروگرام کا آغاز ڈاکٹر جمال ناصر نے کیا۔تقریب میں ڈائریکٹر راولپنڈی ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر انصر اسحاق،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز موجود تھے،پروگرام امریکی ادارہ ٹاسک فورس فار گلوبل ہیلتھ کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جس میں راولپنڈی کی چار یونین کونسلز پر مشتمل ایک لاکھ آبادی استفادہ کرے گی یہ ہائی رسک یونین کونسلز ہیں جہاں ہیپٹائٹس کے زیادہ مریضوں کا خدشہ ہے،یہ یونین کونسلز 10، 11، 14 اور 15 ہیں۔
وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پروگرام کو پورے ضلع تک پھیلایا جائے گا تاکہ ہیپپاٹائٹس ختم ہو،پاکستان میں ہیپٹائٹس کے ڈیڑھ کروڑ مریض ہیں جن میں ہر سال پانچ لاکھ کا اضافہ ہوتا ہے ،ہیپٹائٹس بی اور سی کی موجودگی کی شرح 9 سے 10 فیصد ہیپروگرام کے تحت ہیپٹائٹس کی تشخیص، ویکسین اور علاج بلامعاوضہ ہو گاڈبلیو ایچ کی او مدد سے راولپنڈی میں ماڈل ویکسینیشن سنٹر بنا رہے ہیں۔