ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے ممبئی میں واقع دادار ریسٹورینٹ سے 80 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی لگژری گاڑی چوری ہوگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کار کے مالک اور باندرہ کے تاجر روحان خان نے ریسٹورینٹ کی پارکنگ سے اپنی قیمتی گاڑی چوری ہونے کی ایف آئی آر ممبئی کے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کروادی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایم ڈبلیو کی چوری کا واقعہ گزشتہ روز ریسٹورینٹ کے باہر پیش آیا جہاں کار کے مالک روحان خان اپنے دوستوں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں تھے۔کار مالک نے اپنی بی ایم ڈبلیو کی چابیاں ریسٹورینٹ کے گارڈز کے حوالے کی تھیں جس کے بعد گاڑی کو پارکنگ ایریا میں کھڑا کردیا گیا لیکن چند منٹ بعد ہی دو ملزمان گاڑی پارکنگ سے چوری کرکے لے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریسٹورینٹ سے موصول ہوئی سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا کہ گاڑی پارک کرنے کے چند منٹ بعد ہی 2افراد نے پارکنگ میں جدید ہیکنگ تکنیک استعمال کرتے ہوئے بی ایم ڈبلیو کا دروازہ کھول لیا اور پھر ایک شخص گاڑی ڈرائیو کرکے لے گیا۔کار مالک نے جب گارڈز سے اپنی گاڑی پارکنگ ایریا سے لانے کا کہا تو عملہ کار پارکنگ سے غائب ہونے پر حیران رہ گیا ،بعد ازاں سی سی ٹی وی سے نامعلوم افراد کے گاڑی لیجانے کی تصدیق ہوئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس گاڑی کی تلاش کررہی ہے تاہم کار مالک نے ممبئی کے مہنگے ترین ریسٹورینٹ کی پارکنگ سے اپنی لگژری گاڑی چوری ہوجانے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔