کراچی(این این آئی)پاکستان میں 75فیصد سے زائد میڈیکل اسٹور اور فارمیسیز تربیت یافتہ کوالیفائیڈ فارماسسٹ کے بغیر چلائی جا رہی ہیں جبکہ صرف 15فیصدفارمیسیز میں کوالیفائیڈ فارماسسٹ خدمات سرانجام د ے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انڈس اسپتال اینڈ نیٹ ورک کے سی ای او ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے گزشتہ روز انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور فارم ایوو کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب میں صدر انڈس اسپتال اینڈ نیٹ ورک ڈاکٹر عبدالباری خان، سی ای او اور ڈین انڈس یونورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر سیدظفر زیدی، چیئرمین پریمیئر گروپ ابراہم قاسم، فارمیو کے سی ای او ہارون قاسم، ڈپٹی سی ای او سید جمشید احمد، انڈس کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر عبدالکریم پراچہ، چیئرمین ریسورس جنریشن اینڈ پارٹنرشپ کمیٹی، بورڈ آف ڈائریکٹر ، سلیم تابانی اورایکزیکٹوڈائریکٹر سید مشہود رضوی شامل تھے۔
ایم او یو کے مطابق مقامی فارماسیوٹیکل کمپنی فارمیوو، انڈس ہسپتال کورنگی کیمپس میں بننے والی نئی عمارت میں ابن سینا کالج آف فارمیسی، انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی تعمیر کے لیے مالی اور تکنیکی وسائل فراہم کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او اور ڈین انڈس یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسسز ڈاکٹر سید ظفر زیدی نے کہاکہ پاکستان میں 75فیصد سے زائد فارمیسیز تربیت یافتہ کوالیفائیڈ فارماسسٹ کے بغیر چلائی جا رہی ہیں جبکہ صرف 15فیصدفارمیسیز میں کوالیفائیڈ فارماسسٹ خدمات سرانجام د ے رہیں ہیں۔