رباط (این این آئی )برسوں پر محیط طویل انتظار کے بعد 4 مراکشی بہنوں کو بھی حج کا موقع مل رہا ہے۔ ان میں سے سب سے چھوٹی بہن کی عمر 65 برس اور سب سے بڑی کی عمر 82 سال سے زیادہ تھی۔ یہ چاروں اپنے حج کی خواہش پوری ہونے کے حوالے سے زیادہ خوش نہیں تھیں تاہم روڈ ٹو مکہ اقدام میں شامل ہونے پر ان چاروں کو اس وقت زبردست خوشی مل گئی جب ان کا نام قرعہ اندازی میں آگیا۔
ان کے کہنے کے مطابق بہنوں نے گزشتہ برسوں میں حج کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کیں مگر قرعہ اندازی میں نام نہ آنے کی وجہ سے ان کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی تھی۔ اس سال انہوں نے بیت اللہ شریف کے حج کے لیے اپلائی کیا ۔ سب نے اپنے نام ایک لفافے میں جمع کرائے اور ان کے ناموں کا لفافہ قرعہ اندازی میں نکل آیا۔ آخر کار چاروں مراکشی بہنوں کو پہلی مرتبہ حج کریم ادا کرنے کی سعادت کا موقع مل گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ان چار بہنوں میں عائشہ ناصر کی عمر 65 سال، فاطمہ ناصر 67 سال، حلیہ ناصر 73 سال اور خدیجہ ناصر کی عمر 82 سال ہے۔ محمد خامس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے روڈ ٹو مکہ انیشی ایٹو ہال کے اندر چاروں بہنوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم بیان نہیں کر سکتے کہ ہم کس قدر خوش ہیں۔ ہم برسوں کا انتظار کرنے کے بعد اب حج ادا کرنے جا رہے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے، اس سال ہماری خواہش پوری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا یہ روڈ ٹو مکہ اقدام کا طریقہ کار تھا جس نے ہمارے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں۔ اب ہمارے سعودی عرب میں داخلے کا طریقہ کار چند منٹوں میں ہمارے اپنے ملک میں ہی پورا ہوگیا ہے۔ ان بہنوں نے بتایا کہ ہم سعودی عرب پہنچیں گے اور فوری طور پر بسوں پر سوار ہوکر بغیر کسی اضافی طریقہ کار کو اختیار کیے سیدھا اپنی رہائش کی جگہ پہنچ جائیں گے۔ چاروں بہنوں نے طریقہ کار کی اس آسانی پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔