اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے ملک کے بڑے شہروں میں جلسوں کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کے بڑے شہروں میں جلسوں کا فیصلہ کیا گیا ہے،
راولپنڈی کے بعد میانوالی، کراچی، کوئٹہ اور لاہور میں جلسے ہوں گے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے پارٹی تنظیمی عہدیداروں کو احتجاجی تحریک کے لیے متحرک ہونے کی ہدایات دی ہیں، جلسوں کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کے لیے درخواست دے دی۔پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنر کو جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ 28 ستمبر کو پی ٹی آئی لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسہ کرنا چاہتی ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس نے جلسے کی اجازت کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست وصول کرلی ہے۔