کراچی (این این آئی)مقبول اداکارہ و ماڈل عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بولی وڈ ’بے بو‘ کرینہ کپور کو دیکھ کر اداکاری شروع کی۔
عائزہ خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور جیسا میک اپ اور لباس پہن کر ان کے فلمی ڈائلاگوں پر منظر کشی کی۔مختصر ویڈیو میں عائزہ خان کو کرینہ کپور کی طرح ادائیں دکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ وہ بولی وڈ اداکارہ کی مشہور فلم ’جب وی میٹ‘ کے ڈائلاگ بھی بولتی دکھائی دیتی ہیں۔
ویڈیو کے پس منظر میں کرینہ کپور کی فلم ’جب وی میٹ‘ کے ڈائلاگ اور گانے بھی سنائے دیتے ہیں۔عائزہ خان نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کیپشن لکھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ میں نے کرینہ کپور کو دیکھ کر ہی اداکاری کا آغاز کیا؟اسی طرح انہوں نے مزید سوالیہ انداز میں لکھا کہ کیا آپ کو اندازہ ہے کہ انہوں نے کرینہ کپور کی فلم ’جب وی میٹ‘ کتنی بار دیکھی ہے؟