ٹرینیڈاڈ(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ویسٹ انڈیز اور امریکا میں جاری نواں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز جمعرات کو کھیلے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ جنوبی افریقا اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کل جمعرات کو برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائے گا ۔
میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز ایڈن مارکرم لیڈ کر رہے ہیں اور افغانستان کی ٹیم کی قیادت مایہ ناز آل رائونڈر راشد خان کر رہے ہیں۔میگا ایونٹ کا اسی روز دوسرا سیمی فائنل میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان پراویڈنس سٹیڈیم، گیانا میں کھیلا جائے گا۔
میچ کا ٹاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔بھارتی ٹیم کو مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما لیڈ کر رہے ہیں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کی کمان مایہ نازوکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کے ہاتھ ہے۔ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے سیمی فائنل مقابلے دلچسپ اور کانٹے دار ہوں گے۔میگا ایونٹ کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ 29جون کو کنگسٹن اوول، برج ٹان، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔