ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ لیک ہونے کے بعد شادی کی تصدیق بالی وڈ شخصیات کی جانب سے بھی کی جانے لگی۔گزشتہ چند روز قبل بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال رواں ماہ 23 جون کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں جس کی تاحال دونوں اداکاروں کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
تاہم گزشتہ روز جوڑے کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا تھا جس میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نیشادی کا اعلان کیا ہے۔آڈیو دعوت نامے کے لیک ہونے کے بعد اداکارہ پونم دھلون نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انہیں سوناکشی کی شادی کا خوبصورت دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔دوسری جانب بالی وڈ ریپر یویو ہنی سنگھ کی جانب سے بھی سوناکشی کی شادی کی تصدیق کی گئی ہے۔ ہنی سنگھ نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’میں اپنی نئی البم کے پہلے گانے کی شوٹنگ کے لیے لندن میں ہوں گا لیکن اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ میں اپنی بہترین دوست سوناکشی کی شادی میں شرکت کروں۔
دوسری جانب سوناکشی کے والد شتروگن سنہا کے دوست پہلاج نہلانی نے بھی اداکار جوڑی کی شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے دونوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ بالی وڈکے سینئر اداکار و سیاستدان شتروگن سنہا نے بیٹی سوناکشی کی شادی کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے بیٹی کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں کی، میں خود بھی بیٹی کی جانب سے شادی کی اطلاع کا منتظر ہوں، مجھ سے میرے قریبی لوگ پوچھ رہے ہیں کہ میں بیٹی کی شادی سے کیوں واقف نہیں ہوں جب کہ میڈیا بھی اس سے واقف ہے، ان کیلئے میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں، آج کل کے بچے شادی کیلئے ماں باپ سے رضامندی نہیں لیتے صرف آگاہ کرتے ہیں۔