لاہور( این این آئی) پاکستان میں عید الاضحی کا تہوار آج پیر کے روز مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے ۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید الاضحی کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ملک و قوم کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد ،مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعد جانوروں کی قربانی کی جائے گی اور ان کا گوشت رشتہ داروں ، غرباء اور مساکین میں تقسیم کیا جائے گا ۔کراچی میں بوہری برادری نے گزشتہ روز عیدالاضحی منا ئی ۔ شہر قائد میں صدر کی طاہری مسجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کر دی گئی۔عید الاضحی کی نماز کے بعد بوہری برادری کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے حوالے سے قربانی کی گئی ۔پولیس کی طرف سے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔