اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک مینیجمینٹ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان کو ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کو خود استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارتوں اور محکموں کو جاری کردہ ہدایات پر پیشرفت کے حوالے سے تشکیل شدہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کا فیصلے کا فیصلہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ تمام منصوبوں کی پیشرفت کی مسلسل نگرانی ان کو جلد از جلد پایہ تکمیل کی جانب پہنچانے کا پہلا قدم ہے۔
وزیر اعظم نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریز اور محکموں کے سربراہان کو ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کو خود استعمال کرنے کی ہدایت کی ۔ بتایاگیاکہ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کی موبائل ایپلی کیشن بنائی جا چکی ہے، ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بین الاقوامی معیار کا ایک منفرد اور جدید سافٹ ویئر ہے جس کے ذریعے وفاقی وزارتوں کو وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی نگرانی اور ان ہدایات کے مطابق پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے،اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔