نئی دہلی ( این این آئی) بھارتی حکومت نے گھٹنے ٹیک دیئے اور احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہوگئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے پہلوانوں کو بات چیت کی دعوت دے دی اور شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی تھی جس کے اگلے روز انوراگ ٹھاکر نے پہلوانوں کو بات چیت کے لیے بلا لیا۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ حکومت پہلوانوں سے ان کے مسائل پر بات چیت کرنے کے لیے رضامند ہے، میں نے ایک بار پھر پہلوانوں کو اس کے لیے بلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن کے چیف کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔
دوسری جانب دہلی پولیس فیڈریشن چیف کے خلاف الزامات کے حوالے سے 10 سے زائد پہلوانوں کے بیان ریکارڈ کر چکی ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے ایلیٹ ریسلرز نے فیڈریشن کے چیف برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے اور اسی معاملے پر ریسلرز دہلی میں کئی ہفتوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔چند روز قبل دہلی پولیس نے احتجاج کرنے والے پہلوانوں پر تشدد کر کے انہیں گرفتار بھی کیا تھا۔