لاہور( این این آئی)صحافتی تنظیموں نے ہتک عزت قانون کے خلاف حکومتی تقریبات، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاسوں، وفاقی و صوبائی بجٹ کی کوریج کے ساتھ حکومتی اتحادی جماعتوں کی سرگرمیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا۔ہتک عزت بل کی گورنر پنجاب کی طرف سے منظوری کے خلاف صحافی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی پی این ای، اے پی این ایس، ایمنڈ، پی بی اے، پی ایف یو جے اور پریس کلب کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں مختلف احتجاجی اقدامات پر مرحلہ وار عملدر آمدکا فیصلہ ہوا۔اجلاس کے شرکا ء نے ہتک عزت قانون کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا اور متنازعہ بل کے خلاف موثر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا۔فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی تقریبات، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اجلاسوں، وفاقی و صوبائی بجٹ کی کوریج کے ساتھ حکومتی اتحادی جماعتوں کی سرگرمیوں کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔
اتفاق رائے سے طے پایا کہ متنازعہ قانون کے خلاف حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے سوا دیگر سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بار کونسلز کے ساتھ مشاورت سے مرحلہ وار آگے بڑھا جائے گا۔انسانی حقوق کے منافی متنازعہ ہتک عزت قانون کے خلاف اقوام متحدہ اور دیگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جائے گا جبکہ قانون پر متعلقہ سرکاری دفاتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔