کراچی(این این آئی)معروف سماجی کارکن صارم برنی کو اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ پولیس کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق صارم برنی کو انتہائی سنگین نوعیت کے الزامات کے پیشِ نظر گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے حکام کے مطابق صارم برنی کو امریکی حکومت کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے، صارم برنی پر 25 سے زائد بچوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکا بھیجنے کا الزام ہے۔صارم برنی اور ان کے ٹرسٹ نے بچوں کو غیر قانونی طریقے سے امریکا اڈاپٹ کرایا۔
ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایاکہ بچے مختلف اوقات میں کراچی میں صارم برنی ٹرسٹ کے حوالے کیے گئے، صارم برنی پر 17 بچوں کو امریکا اسمگل کرنے کا الزام سامنے آ چکا، معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ کافی عرصے سے صارم برنی کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی، انہیں امریکا سے بذریعہ فلائٹ کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق سماجی کارکن کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن اینڈٹریفکنگ کی ٹیم نے حراست میں لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ان سے ملنے کے لیے قانونی ٹیم ایف آئی اے دفتر کے باہر پہنچ گئی ہے۔