پشاور (این این آئی)سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ،فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حولدار شفیق اللہ شہید ہو گئے، علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں دوران آپریشن شہید ہونے والے کیپٹن حسن جہانگیر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، حوالدارشفیق اللہ شہیدکی بھی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی،
نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، پاک فوج کیافسران، سول حکام، عوام، اور جوانوں نے شرکت کی، شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیے گئے، شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے ۔
اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمدشہباز شریف نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک آرمی کے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی بلندی درجات کیلئے دعاکی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا،دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے،ہم شہدا کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر، حوالدار شفیق اللہ کی قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔بلاول بھٹو نے پشاور کے علاقیحسن خیل میں دوران آپریشن 2 فوجی جوانوں کی شہادت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں یہ بات کہی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لینے تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے تھے۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مثر انداز میں تلاش کیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔