نئی دہلی (این این آئی)سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر محمد کیف نے ٹی20 ورلڈکپ کیلئے ٹاپ فور ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کردی۔مقامی میڈیا سے سابق کرکٹر و کمنٹیٹر محمد کیف نے کہا کہ بھارت، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز کے علاوہ آسٹریلیا یا پاکستان ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتی آئی ہے، آپ انہیں ٹاپ فور سے باہر نہیں کرسکتے جبکہ ویسٹ اپنے ہوم گرانڈ پر کھیل رہی ہے تو انہیں کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا۔محمد کیف نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان یا آسٹریلیا میں سے سیمی کیلئے کون اپنی جگہ پکی کرے گا لیکن اگر پاکستان سیمی یا فائنل میں کہیں ملتا ہے تو پاک بھارت میچ سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجود اسکواڈ آسٹریلیا میں 2022 ورلڈکپ میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیم سے زیادہ مضبوط ہے، اسپنرز اور فاسٹ بولرز کا اچھا کمبی نیشن ہے جو دنیا کی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا، گروپ اے کی ٹاپ 2 ٹیمیں پاکستان اور بھارت 9 جون کو نیوریاک میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔