اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہاہے کہ اذلان شاہ کی کپ کا فائنل پورے پاکستان میں براہ راست دیکھا جائے گا۔تفصیلا ت کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے ویڈیو لنک کے ذریعے ہاکی ٹیم سے گفتگو کے دوران اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی اور کل ہفتہ کو ہونیوالے فائنل میچ کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
عطا تارڑ نے کہاکہ ہاکی کے کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں، ہاکی ٹیم نے قومی کھیل کو ایک بار پھر زندہ کیا ہے، قومی کھیل کے فروغ کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں، ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔رانا مشہود نے کہا کہ 13سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل پہنچنے پر وزیراعظم نے ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان فائنل مقابلہ کل ہفتہ کو ہوگا،
قومی ہاکی ٹیم نے 2011 میں آخری بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی، پاکستان نے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے ہیں اور تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔پاکستان نے ملائیشیا، جنوبی کوریا اور کینیڈا کو شکست دی جبکہ جاپان اور نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا ۔ سابق قومی اولمپئنز نے اذ لان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل کے لیے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دے دیا۔
پاکستان اور جاپان کی ہاکی ٹیموں کے درمیان 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کل ہفتہ کو ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا لیگ میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا تھا۔عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا 15واں اور جاپان کا 16واں نمبر ہے۔پاکستان بمقابلہ جاپان فائنل پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ پاکستان فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو یا پھر تین گول سے جیت سکتا ہے۔انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ دبائو لینے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں۔دوسری جانب اولمپئن قمر ابراہیم نے کہاکہ پاکستان ٹیم عالمی درجہ بندی میں جاپان سے آگے ہے، اور یہ بات پاکستان ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔انہوں نے کہاکہ جاپان کے خلاف فائنل سے قبل قومی ٹیم نے بہترین ہاکی کھیلی، اور انہیں لگتا ہے کہ فائنل میں جاپان کے خلاف قومی ہاکی ٹیم جیت کے لیے فیورٹ ہے ۔