لاہور( این این آئی)لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آتشزدگی کے نتیجے میں امیگریشن سسٹم تباہ ہو گیا جس کی وجہ سے متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، آگ کے باعث بھگدڑ مچ گئی اور مسافر اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایف آئی اے کے امیگریشن ہال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔آگ سے امیگریشن ہال کے ارد گرد دھواں جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عملے نے ہال کو فوری خالی کرا لیا ۔
آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد سول ایوی ایشن کا فائر فائٹر عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پا لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔آگ کے بعد امیگریشن کا عمل مکمل طور پر روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو بھی پریشانی اٹھانی پڑی۔امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کا رخ موڑ دیا اور لاہور سے جانے والی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق آتشزدگی میں دھویں کے باعث ایک خاتون بیہوش ہوئیں اور ایک بچے کی طبیعت بھی خراب جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر امیگریشن کائونٹر میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے امیگریشن کائونٹر کو جلد فنکشنل کیا جائے ۔