اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہ ِ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزراء اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں،سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے،امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہونگی،پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، ایس آئی ایف سی کے قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس کو وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے کاروباری وفد کی اسلام آباد آمد اور متوقع شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مجھ سمیت پوری قوم انکی شکر گزار ہے۔وزیرِ اعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ دورہ ِ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزراء اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی جو خوش آئند ہے۔اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلی سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ سعودی وفد کی بہترین مہمان نوازی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ امید ہے سعودی وفد کے ساتھ پاکستانی کاروباری شخصیات کی ملاقاتیں نتیجہ خیز ہونگی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان خوش قسمت ہے جسے سعودی عرب جیسا خیر خواہ دوست میسر ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی فرامانروا سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔