اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ تاجر اور کاروبار دوست بجٹ ہوگا، بجٹ میں عوامی فلاح وبہبود اور سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت گنجائش کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی،
معاشی مشکلات کے باوجود حکومت نے ایک ماہ سے کم مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو مرتبہ کمی کی ہے، ایل پی جی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار نمو اور اقتصادی اہداف حاصل کرنے کیلئے حکومت طویل المدتی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی پر ہے ، ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں، بجٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کی کوشش ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے اور کوشش ہوگی کہ بزنس کمیونٹی پر اضافہ بوجھ نہ ڈالا جائے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت گزشتہ حکومت کی طرف سے پیدا کردہ اقتصادی مشکلات اور چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ ساڑھے برسوں میں ملک کی 24 ویں بڑی معیشت کو 47 ویں نمبر پر پہنچا دیا گیا۔ 2017ء میں پاکستان کے جی 20 میں شمولیت کی باتیں ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اقتصادی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔