ریاض (این این آئی )سعودی عرب میں ایک بزرگ حیران کن طور پر 40 سال سے نہیں سوئے۔ بزرگ نے مسلسل 40 سال نیند نہ آنے کی وجہ سے ہونے والی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں ذہنی طور پر بیمار، پاگل یا جادوگر نہیں ہوں، لیکن میں ایک ایسا شخص ہوں جو باقی لوگوں کی طرح سو نہیں سکتا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق 70 سال کے سعود بن محمد الغامدی نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی حالت کی وجہ جاننے کے لیے ہسپتالوں اور متعدد شیوخ کے پاس جا چکے ہیں۔ سعود الغامدی نے بتایا میں ایک ہسپتال گیا جہاں ڈاکٹروں نے میرے لیے علاج تجویز کیا۔ علاج کرانے کے باوجود میری صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور میں بدستور تکلیف اور اضطراب کا شکار ہوں ۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے میری حالت کو نفسیاتی ڈپریشن قرار دیا ہے۔معمر شہری نے مزید بتایا کہ ڈاکٹروں کے علاج سے بہتری نہ آنے کے بعد میں اپنی حالت بیان کرنے کے لیے کئی شیوخ کے پاس گیا۔ شیوخ کو اپنا مسئلہ بتایا۔ انہوں نے کہا شیوخ کی ہدایات پر عمل کرنے کے بعد اب نہ سونے کی تکلیف سے گزرنے کے باوجود اچھی زندگی بسر کر رہا ہوں اور اپنا کام بھی کرتا ہوں ۔