کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں پر خود کش حملہ کی 2 سی سی ٹی وی فوٹیجز منظرِ عام پر آ گئیں۔ایک ویڈیو میں پولیس اہلکار کو دہشت گردوں پر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری ویڈیو میں خود کش حملہ آور کو خود کو دھماکے سے اڑاتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس اہلکار اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ علی الصبح 6 بج کر 38 منٹ پر ہوا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا۔
حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے، 2 زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے 1 اسپتال میں ویٹی لیٹر پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ایک اور زخمی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے۔واقعے میں تمام غیر ملکی محفوظ رہے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے لانڈھی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے تاحکم ثانی سندھ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردیئے۔
دفتر وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ضیا الحسن لنجار نے نماز جمعہ کی مناسبت سے مساجد امام بارگاہوں و دیگر کھلے مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو فول پروف بنائے جانے کی ہدایت کی ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز)، سب ڈویژنل پولیس آفسر (ایس ڈی پی اوز) فیلڈ میں آئیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) سیکیورٹی اقدامات میں انتہائی مستعد اور الرٹ رہیں، مزید ہدایت دی کہ رینڈم اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ اور پیٹرولنگ پر خصوصی فوکس رکھا جائے۔ضیا الحسن لنجار نے ہدایت جاری کی کہ کمیونیکشن حکمت عملی کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔