کراچی (این این آئی)کراچی ایئر پورٹ پر بیرونِ ملک سے آئے والد کو دیکھ کر بے ساختہ بھاگنے والی بچی کے بال پکڑ کر دھکا دینے والے اے ایس ایف سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ اے ایس ایف حکام کے مطابق سب انسپکٹر شعبان پنجاب کے علاقے کمالیہ سے تعلق رکھتا ہے جو اے ایس ایف میں 35 سال کی ملازمت مکمل کر چکا ہے،
شعبان واقعے کے وقت کراچی ایئر پورٹ پر بین الاقوامی آمد کے خارجی گیٹ کا انچارج تھا۔حکام کے مطابق بچی کو بالوں سے پکڑ کر دھکا دینے کا واقعہ 10 مارچ کو دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا تھا۔ اے ایس ایف کے حکام کے مطابق اس سلسلے میں کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شعبان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی۔