اسلام آباد (این این آئی)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا ہے کہ پاکستان فنڈ کے ساتھ 9ماہ کے 3 ارب ڈالر کے سابقہ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ (ایس بی اے) کے ممکنہ فالو اپ پروگرام سے متعلق بات چیت کر رہا ہے جب کہ اہم مسائل حل ہونا باقی ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سربراہ آئی ایم ایف اٹلانٹک کونسل کے تھنک ٹینک میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے موجودہ پروگرام کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے،
معیشت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور زر مبادلہ ذخائر میں اب اضافہ ہو رہا ہے۔حل طلب اہم ملکی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کا اس راستے پر آگے بڑھنے کا عزم ہے اور ملک ممکنہ طور پر فالو اپ پروگرام کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی ایسے مسائل ہیں جنہیں حل کیا جانا ضروری ہے جیسا کہ ٹیکس دینے والے افراد کی تعداد، معاشرے کا امیر طبقہ کس طرح معیشت میں اپنا حصہ ڈالتا ہے، کس طرح سے عوامی اخراجات کیے جا رہے ہیں اور زیادہ شفاف ماحول پیدا کرنا۔