لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی قوم کو مسٹر کلین ہونے کا دھوکہ دیتے رہے ، اب سب کچہ چٹھہ کھل چکا ، 60ارب روپے کا حساب دینا پڑے گا ، 9مئی کو ملک میں جو کچھ ہوا یہ سیاست نہیں بلکہ کھلے عام دہشت گردی ہے اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوتے،
سپریم کورٹ انصاف کا سب سے اہم ستون ہے مگر کسی کی محبت اور پیار میںآئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ایسے قومیں ترقی نہیں کرتیں ،ان کو اپنی عزت اور احترام کے لیے اپنا گھر درست کرنا چاہیے، جب بھی پارٹی فیصلہ کرے گی نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور اگلے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ پر انکے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سمیت دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ تین چار سال میں ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ہم کوئی شادیانے نہیں بجا رہے ،
ابھی اندر بیٹھ کر بھی ہم یہ بات کر رہے تھے کہ یہ مکافات عمل ہے ، نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز ، احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق ، شاہد خاقان عباسی ، سلمان رفیق ، حافظ میاں نعمان سب کو گرفتار کیا گیا اور تب پی ٹی آئی والے دو دو گھنٹے کی پریس کانفرنس کیا کرتے تھے ،آج بتائیں یہ سب اللہ کے فضل و کرم سے با عزت بری ہوئے ہیں ، اسمبلی کے اندر شور مچاتے تھے ۔جب اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آئیے میثاق معیشت کریں تو چور ڈاکو کے نعرے لگائے گئے ،
اللہ کے فضل سے عمران نیازی کے دور میں ایف آئی اے کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا اور شہباز شریف با عزت بری ہوئے ، نواز شریف سرخرو ہوئے ، آج بتائیں 90ملین پائونڈر ، 60ارب روپے پاکستانی قوم کا غبن کیا اس کا حساب دینے کی باری آئی تو جھوٹ کا چورن بیچنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، میرا خیال ہے کہ اب یہ جھوٹ کا چورن نہیں بکے گا یہ اللہ کا نظام ہے ، جن لوگوں نے قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے اور صرف یہ نہیں عمران نیازی قوم کو مسٹر کلین ہونے کا دھوکہ دیتے رہے آج تو سب کچہ چٹھہ کھل چکا ، دودھ کا دوھ اور پانی کا پانی ہو چکا ہے ، میرا خیال ہے کہ اس کا حساب دینا پڑے گا ۔