اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کو غیر آئینی قرار دے دیاجبکہ پارٹی نے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے غیر آئینی انتخاب کے بائیکاٹ کا بھی فیصلہ کرلیا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پارٹی نے خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کی ایوان میں موجودگی تک چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق سینیٹ میں وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کے بغیر چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا انتخاب غیرآئینی اور ناقابلِ قبول ہے۔ ترجمان نے کہاکہ نامکمل الیکٹورل کالج کیساتھ غیرمنتخب افراد کو ریاست کے آئینی عہدوں پر ‘سلیکٹ’ کروانے والے عناصر کی جانب سے ایوان بالا کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ نامکمل ایوان کی صورت میں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کروانا جمہوری اقدارو روایات کے قتل کے مترادف ہے، جعلی فارم 47 زدہ شکست خوردہ کرداروں کو جمع کرکے قائم کی گئی غیر آئینی حکومت کے ہاتھوں آئین اور جمہوری اصولوں کی پامالی کا سلسلہ بلا روک جاری ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کے بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کی سازش ہی کا تسلسل ہے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق وفاق کی نہایت اہم اکائی خیبر پختونخوا کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا تعصب زدہ گروہ کی جانب سے صوبائی منافرت پھیلانے کی مذموم اور شرمناک کوششوں کا حصہ ہے۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کی عدم موجودگی میں ناکمل ایوان کیساتھ ‘سلیکٹ’ کروائے گئے چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔
ترجمان نے بتایاکہ عدالت سینیٹ میں آئین سے انحراف کی کوششوں کا نوٹس لے اور ایوان کے اراکین کی تعداد پوری کرنے تک چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب ملتوی کرنے کے احکامات جاری کرے، پاکستان تحریک انصاف ہر قدم پر عوام کے مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی اور مزید کسی بھی غیرجمہوری، غیرسیاسی اور غیراخلاقی تجربے کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے انٹرا پارٹی الیکشن سرٹیفکیٹ کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے جلد انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ درخواست میں کہاگیاکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو ایک ماہ سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے، الیکشن کمیشن دیگر سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی الیکشن سرٹیفکیٹ جاری کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا،الیکشن کمیشن جلد پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا سرٹیفکیٹ جاری کرے۔