لاہور ( این این آئی) بھارت کی ہٹ دھرمی کے پیش نظر ایشیا کپ کا میزبان پاکستان کے بجائے سری لنکا ہوسکتا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ 2023ء کی میزبانی پاکستان کو دی گئی ہے لیکن بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے سبب پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد خطرے میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )اس بات پر بضد ہے کہ ایونٹ کا انعقاد پاکستان کے بجائے نیوٹرل وینیو پر ہو لیکن پاکستان ایشیا کپ کے ایونٹ کو پاکستان میں کروانے کا ہی خواہشمند ہے اس کے پیچھے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی جیسے عوامل کا متاثر ہونا کارفرما ہے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے کرک بز کو بتایا کہ سری لنکا مختصر نوٹس پر ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے،
فیصلہ اب اے سی سی پر منحصر ہے۔واضح رہے کہ آئی سی سی عہدیداروں کے دورے کے دوران پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کیا ہے کہ بھارت جاکر ورلڈکپ کھیلنے کا انحصارایشیا کپ کی صورتحال پر ہے، اگر بھارت نے کوئی لچک دکھائی اور پاکستان کے فارمولے پر بات کی تو مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔