واشنگٹن (این این آئی)امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے پچھلے ماہ بیجنگ کا خفیہ دورہ کیا تھا۔چینی اخبار کے مطابق سی آئی اے ڈائریکٹر نے چین کے انٹیلیجنس حکام سے ملاقات کی تھی۔اس دورے میں سی آئی اے سربراہ نے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان انٹیلیجنس رابطے کھلے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔دورے کے متعلق برطانوی اخبار نے بھی رپورٹ شائع کی تھی۔
سی آئی اے ڈائریکٹر نے ایسے وقت میں دورہ کیا کہ جب بائیڈن انتظامیہ چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو از سرنو ترتیب دینا چاہتی ہے۔دونوں ممالک میں تائیوان کے معاملے پر تنا ہے جبکہ فروری میں امریکی فضائیہ نے جاسوسی کے الزام میں چین کا ایک غبارہ بھی گرا دیا تھا، چین کا موقف تھا کہ غبارہ موسمی صورتحال کے جائزے کیلئے بھیجا گیا تھا۔بیجنگ نے حال ہی میں امریکی سیکریٹری دفاع سے ملاقات کیلئے انکار کیا تھا لیکن آج سنگاپور میں جاری شنگری-لا کانفرنس میں چین کے وزیر دفاع اور امریکی ہم منصب کی غیر رسمی ملاقات ہوئی۔