اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے تحریک آزادی کے رہنماں کی انتھک اور مسلسل سیاسی جدوجہد سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ،ہمارے آبائو اجداد نے پاکستان کیلئے بے مثال قربانیاں دیں، مہنگائی، بے روزگاری، گردشی قرضے ، مالیاتی اور تجارتی خسارے اور دہشت گردی کی عفریت سمیت ملک کو درپیش چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے ملکی معاشی بحالی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں ۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یوم پاکستان پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے تاریخی قرارداد لاہور کے ذریعے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں، تحریک آزادی کے رہنماں کی انتھک اور مسلسل سیاسی جدوجہد سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا اجداد نے پاکستان کے لئے مثالی قربانیاں دیں، لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا، نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں سماجی، اقتصادی ڈھانچے اور ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آباد کاری شامل تھیں، نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا تاہم قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں نئی ریاست کو درپیش ان گھمبیر چیلنجوں کے باوجود ایک آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا جس کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں جن میں مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے شعبے کا بڑھتا ہوا گردشی قرضہ ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی کا عفریت شامل ہیں تاہم بحیثیت قوم ہم نے غیر معمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے اور وقت کی کسوٹی پر پورا اترنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں، امید ہے کہ ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پا لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے پختہ عزم کی تجدید کریں، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہمارے آج کے فیصلے اور کارکردگی ہمارے اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے، آئیں ہم سب مل کر ایک ایسے پاکستان کے لیے جدو جہد کریں جو ہر قسم کے مذہبی ، نسلی اور سیاسی تفریق سے پاک ہو اور جہاں ہماری مشترکہ اقدار پھل پھول سکیں۔ پاکستان پائندہ باد