ڈبلن (این این آئی)آئرلینڈ کے وزیراعظم لیو وراڈکار نے اچانک مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ملک کی حکمران جماعت فائن گائیل کی سربراہی اور وزیراعظم کی حیثیت سے استعفے کا اعلان کیا۔لیو وراڈکار نے کہا کہ جیسے ہی نئے وزیراعظم کا انتخاب کرلیا جائے گا وہ وزیراعظم کا عہدہ بھی چھوڑ دیں گے،
اپنی جماعت فائن گائیل سے درخواست کی ہے کہ 6 اپریل کو ہونے والی سالانہ کانفرنس میں پارٹی کا نیا قائد منتخب کیا جائے تاکہ پارلیمنٹ کے ایسٹر کے وقفے کے بعد نئے وزیر اعظم کا انتخاب کیا جا سکے۔آئرلینڈ کے وزیراعظم 45 سالہ لیو وراڈکار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میرے لیے یہ الگ ہونے کا صحیح وقت ہے، استعفی دینے کی میری وجوہات ذاتی اور سیاسی ہیں لیکن بنیادی طور پر سیاسی ہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے ذہن میں اور کچھ نہیں ہے، میرا کوئی سیاسی منصوبہ نہیں ہے۔لیو وراڈکار 2 مرتبہ وزیراعظم رہے، پہلی مرتبہ وہ 2017 سے 2020 اور اس کے بعد دسمبر 2022 سے اس عہدے پر ہیں۔ ان کی والدہ آئرش اور والد بھارتی ہیں۔ آئرلینڈ کے وزیراعظم کی جانب سے اچانک استعفے کے اعلان پر عالمی سطح پر حیرانی کا اظہار کیا جارہا ہے۔