لاہور( این این آئی)سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے وزیر اعظم کے مشیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے لاہور میں ملاقات کی ۔ جس میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں نئی پارٹی کے قیام اور نام کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
علاوہ ازیں 70سے زائد موجودہ اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کے ساتھ چلنے کی حامی بھر لی ہے ،پارٹی کے قیام کے اعلان کے ساتھ ہی شمولیت کے رجحان میں مزید تیزی آئے گی ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنمائوں کی اکثریت نہ صرف سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین اور ان کے قریبی ساتھیوں سے رابطے میں ہیں بلکہ مستقبل میں ان کے ساتھ چلنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے ۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے آئندہ ہفتے باضابطہ طور پر اپنی پارٹی کے قیام کا اعلان بھی متوقع ہے، جہانگیر ترین پارٹی کے قیام کا اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے ۔ذرائع کے مطابق کچھ رہنما دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر بھی گامزن ہیں اور جیسے ہی جہانگیر ترین کی جانب سے سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کیا جائے گا شمولیت کے رجحان میں مزید تیزی آئے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کا امکان ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا ہ اور سندھ سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت نے بھی جہانگیر ترین کو حمایت کا یقین دلا دیا ہے، بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں۔