اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے جعلی مینڈیٹ پر مبنی کابینہ کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا ۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ عوام کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھانے والے کردار حد درجہ ہٹ دھرمی اور بیشرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جعلی اور غیر آئینی کابینہ کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ جعلی وزیر اعظم کی جعلی کابینہ بظاہر غیر آئینی نگران حکومت کا ایک تسلسل معلوم ہوتی ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ عوام کے غیر منتخب لوگوں کو وزیر اعظم اور صدر کے عہدوں پر الیکٹ کرنے کے بعد مسترد شدہ مجرموں کو وزارتوں کی بندربانٹ نام نہاد جمہوری نظام کے چہرے پر طمانچہ ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران ملکی معیشت کو تباہی کی دلدل میں دھکیلنے کیذمہ داران کی ایک مرتبہ پھراہم عہدوں پر تعیناتی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ترجمان نے کہاکہ کرائم منسٹر شہباز شریف کی پی ڈی ایم حکومت کی کم و بیش 100 رکنی کابینہ کی ‘کارکردگی’ کی قیمت آج تک پاکستانی قوم ادا کر رہی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ وفاقی کابینہ میں محسن نقوی جیسے ناموں کی شمولیت نے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ اور غیر آئینی کردار پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ترجمان نے کہاکہ شریف اور زرادری خاندان کے خاص ملازمین کی جی حضوری کے بدلے میں جعلی کابینہ میں شمولیت کے ذریعے خصوصی نوازشات جمہوریت اور عوام کی توہین ہے۔
ترجمان نے کہاکہ جعلی فارم 47 کی بنیاد پر تشکیل دی جانے والی غیر آئینی اور جعلی کابینہ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستانی قوم نے زبردستی مسلط کییجانے والے مجرموں کے خلاف اپنی آواز بلند کر کے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ ان کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
ترجمان تحریک انصاف نے بتایاکہ ہارے ہوئے لوگوں کے خوف اور بوکھلاہٹ کا یہ عالم ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد طاقت کے استعمال سے عوام کی آواز سلب کرنے کی غیر آئینی کوششوں پر عمل پیرا ہیں۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ جمہوریت اور عوام کے مینڈیٹ کی مسلسل توہین کیلئے ریاستی مشینری کا خلافِ قانون استعمال ترک کیا جائے اور ملک کو مزید عدم استحکام میں دھکیلنے کی کوششوں سے باز رہا جائے۔