کراچی(این این آئی) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اچانک اضافہ کر دیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں 10 روپے کا اضافہ کر کے 100روپے کر دیا گیا، یہ اضافہ اچانک کیا گیا ہے، اس سے قبل کار پارکنگ فیس 90روپے تھی۔کراچی ایئرپورٹ پر 3 گھنٹے کے لیے کار پارکنگ فیس اب سو روپے ہوگی، جب کہ تین گھنٹوں کے بعد مزید وصولی ہوگی۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں 10 روپے اضافہ ایئرپورٹ مینجمنٹ نے خود کیا ہے، فیس میں ہر سال دس روپے اضافہ کیا جاتا ہے۔ترجمان سی اے اے کے مطابق نجی کنٹریکٹر کا ٹھیکہ ختم ہونے کے بعد پارکنگ فیس میں دس روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، ٹھیکے کے ٹینڈر کے لیے جلد اشتہار جاری ہوگا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کار پارکنگ فیس میں دس روپے کا اضافہ 3 سال بعد کیا گیا ہے۔