راولپنڈی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم عدالتی احکامات کے ساتھ اپنے لیڈر سے ملاقات کے لیے آئے، ہمیں جیل سپرنٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی۔اڈیالہ جیل کے باہر اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ میرا سوال ہے کہ کہاں ہے رول آف لا؟جیل سپرنٹنڈنٹ نے کورٹ آرڈرز کو رد کردیا، جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوگی وہ ملک نہیں چل سکتا۔عمر ایوب نے کہاکہ ہم عدالتی حکم کے ساتھ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے آئے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم پوری تحریک چلائیں گے، یہ کہتے ہیں مفاہمت کی بات، کس قسم کی مفاہمت؟ ہم گرینڈ الائنس بنانے جا رہے ہیں۔اسد قیصر نے بتایا کہ ہم پورے ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے، اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ہمیں مایوس کریں گے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے تحت جو لوگ جیتے ہیں ان کی حکومت ہونی چاہیے، آپ کے پاس اختیار نہیں کہ حکومت بنائیں اور کابینہ بنائیں، ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ رات کو دہشت گردی کا ڈرامہ بنایا گیا، ہمیں پتہ ہے آپ لوگ کیسے ڈرامے بناتے ہیں۔