مکوآنہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ9 مئی کے واقعات نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست سے ہمیشہ کیلئے مائنس کردیا ہے، اسلئے اب خواہ کوئی لاڈلا ہو یا کسی کا پروردہ کسی کو معافی نہیں ملے گی اور ریاست کی رٹ چیلنج کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا ئے گا۔
وہ فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل9 مئی کی صورتحال کے حوالے سے بہت بات ہورہی ہے اور اس سلسلہ میں دوبارہ زہریلا پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور خواتین کو استعمال کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر خواتین کے ساتھ زیادتی جیسے گھٹیا الزام عائد کرنے کی پلاننگ کی جارہی ہے تاکہ پہلے یہ کہا جا ئے کہ ہماری خواتین کے ساتھ بدسلوکی ہور ہی ہے پھر اس کی آڑ میں انسانی حقوق کے اداروں کی ہمدردیاں سمیٹی جائیں اور عدلیہ پر بھی اثر انداز ہوا جا ئے لیکن جب یہ خواتین زمان پارک سے مکمل ٹریننگ لیکر ایک منصوبہ کے تحت جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے وہاں سے پٹرول بم لیکر نکلتی اور جناح ہاؤس و کور کمانڈر ریزیڈنس سمیت دیگر مقامات پر حملہ آور ہوتی ہیں تو اس وقت یہ لوگ کہاں تھے،
ان کی ہمیشہ سے یہ روایت رہی ہے کہ پہلے یہ خواتین کو استعمال کرتے ہیں، انہیں فرنٹ لائن پر لاکر حملے کرواتے ہیں اور پھر ان کے پیچھے چھپ کر جان بچانے کیلئے انہی عورتوں کا استعمال شروع کردیتے ہیں لیکن اب ہر ہر شخص نے دیکھا اور ان کی ویڈیوز موجود ہیں کہ وہ کس طرح ایکٹ کررہی ہیں اسلئے کسی کے ساتھ صرف اسلئے رعایت نہیں برتی جاسکتی کہ وہ عورت ہے، یا ڈریس ڈیزائنر ہے یا اس کے پاس دوہری شہریت ہے لہٰذا حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی گنہگار ہوگا وہ خواہ کتنا بھی بااثر کیوں نہ ہو اسے نہیں چھوڑا جا ئے گا اور کسی بے گناہ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی زیادتی نہیں ہونے دی جا ئے گی۔