اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے معروف بینکر محمد اورنگزیب کو وفاقی وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت نے معروف بینکر محمد اورنگزیب کو وفاقی وزیرخزانہ بنانے کا فیصلہ کیاہے جبکہ سینیٹر اسحاق ڈار کوکوئی اوراہم وزارت دیئے جانے کاامکان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ محمد اورنگزیب ہی نئے وزیر خزانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد جو میٹنگ کی اس میں محمد اورنگزیب بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق محمد اورنگزیب نے قائد ن لیگ نواز شریف سے بھی ملاقات کی ہے،شہباز شریف کابینہ کے حوالے سے نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیر خزانہ کیلئے محمد اورنگزیب کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ اسحاق ڈار کو وزارت خزانہ کے علاوہ کوئی اور اہم وزارت دئیے جا نے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ کیلئے پہلا انتخاب ایچ بی ایل کے چیئرمین سلطانہ الانہ تھے کیونکہ وہ معیشت اور مالیاتی امور کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، تاہم آغا خان فنڈ کیساتھ عالمی سطح پر مختلف منصوبوں کے باعث وہ یہ ذمہ داری نہیں لے سکے۔سلطانہ الانہ نے ماضی میں روشن ڈیجیٹل پروگرام کا تصور دیا اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔