پشاور (این این آئی)سوات اور چترال میں شدید برف باری کے باعث سکول اور لواری ٹنل کو بند کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر سوات نے تحصیل کالام، اوشوو، مانکیال اور پیشمال سمیت دیگر بالائی علاقوں کے 96 تعلیمی اداروں کو 9 مارچ تک بند کر دیا ہے۔
تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ برف باری کی وجہ سے شدید سردی اور راستے بند ہونے سے اساتذہ اور طلبہ کو مشکلات کے پیش نظر کیا گیا۔دوسری جانب چترال لوئر اور اپر میں برفباری جاری رہی جس کے باعث ان دونوں اضلاع میں 2 مارچ کو تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے آرڈر جاری کر دیئے گئے ہیں۔چترال شہر میں تقریباً 5 انچ برف پڑ چکی ہے، لواری ٹنل اپروچ روڈ پر تقریباً 2 فٹ برفباری ہوئی ہے جس کے سبب لواری ٹنل ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔